مظفرآباد(این این آئی)آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے سینئر رکن راجہ محمد فاروق نیاز نے بلدیاتی انتخابات کے پرامن اوربہترین انعقاد پر اعلیٰ عدلیہ سے لیکر لوئر کورٹس،وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، پاک آرمی، جملہ سیاسی قائدین،سرکاری ملازمین، میڈیا، محکمہ اطلاعات اور باالخصوص عوام الناس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بہترین انتظامات اور عوام الناس کے تعاون کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ پرامن انداز میں مکمل ہو گیا ہے۔موسم کی شدت کے باوجود ٹرن آوٹ مثالی رہا۔ الیکشن کا ماحول پرامن رہا اور عوام نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔پونچھ اور میرپور ڈویژن کے عوام امن پسند اور باشعور ہیں۔ میرپور اور پونچھ ڈویژن میں بھی امید ہے کہ پرامن انداز میں عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے دوران عوام کا جوش و خروش قابل تعریف تھا۔ تینوں اضلاع میں پرامن پولنگ ہوئی، کسی بھی جگہ پر دھاندلی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔امن او امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کمشنر، ڈی آئی جی، ڈی سی صاحبان، پاک آرمی،سرکاری ملازمین، جوڈیشل افسران، پولیس، انتظامی افسران اور آزادکشمیر کے عوام نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اور محکمہ اطلاعات نے شاندار کمپین کے ذریعے لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے اجاگر کرنے اور پرامن طور پر حق رائے دہی استعمال کرنے کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے امید ظاہر کی کہ میرپور اور پونچھ ڈویژن میں بھی پرامن انداز میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگا۔