ارشد شریف قتل پر عدالتی کمیشن کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھا،وزیر اعظم

0
274

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر عدالتی کمیشن بنانے کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جرنلسٹس سیفٹی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔انہوںنے کہاکہ ارشد شریف کے قتل کے واقعے پر کینیا کے صدر سے بات کی تھی، آزادی اظہارِ رائے ہر معاشرے کے لیے اہم ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہاکہ صحافیوں کے حقوق کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہو گا۔