لائنز کلبز انٹرنیشنل نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی منظوری دیدی

0
266

اسلام آباد (این این آئی)لائنز کلبز انٹرنیشنل نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی منظوری دی ہے،تعمیراتی کام اگلے مہینے میں شروع ہو جائے گا۔انٹرنیشنل لائنز کلب راولپنڈی اسلام آباد نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 500 مکمل بیڈ سیٹ اور 90 فل سائز ٹینٹ جمع روانہ کر دیئے ہیں،امدادی سامان کی حوالگی کی تقریب کے چیئرپرسن شاہد چیمہ اور شریک چیئرپرسن میجر زبید اللہ خان نے مہمان خصوصی لائنز ڈسٹرکٹ گورنر عاشق باجوہ اورکونسل کے چیئرپرسن ارشد محمودکا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب میں شاہد چیمہ نے لائنز ہیومینٹیرین سروسز کے بارے میں بتایا جس میں فری میڈیکل کیمپ اور حالیہ سیلاب کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات شامل ہیں۔میجر زبید اللہ خان نے بتایا کہ ٹینٹ اور بیڈ سیٹ پروگریسو لائنز کلب کی طرف سے ہے۔ڈی جی عاشق باجوہ نے بتایا کہ لائنز کلبز انٹرنیشنل کی جانب سے فوری طور پر تیس ہزار امریکی ڈالر جاری کیے گئے جو کہ خصوصی طور پر کوئٹہ ریجن میں تقسیم کیے گئے۔کونسل کے چیئرپرسن ارشد محمود نے بتایا کہ لائنز کلبز انٹرنیشنل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی منظوری دی ہے۔تعمیراتی کام اگلے مہینے میں شروع ہو جائے گا۔ایس وی ڈی جی فیضان کپور نے نیک مقصد کے لیے اس فراخدلانہ تعاون کے لیے پروگریسو لائنز کلب اور اسلام آباد سنشائن لائنز کلب کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر پی ڈی جی سہیل سیٹھی نے تمام شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔