عمران خان اگر مگر چھوڑ کر اسمبلیاں توڑیں، پنجاب میں شکست دیں گے،رانا ثنا اللہ

0
325

لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اگر مگر چھوڑ کر اسمبلیاں توڑ نے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس الیکشن میں بھرپور حصہ لے کر آپ کو پنجاب میں شکست دیں گے، تیاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔
جمعہ کوپریس کانفرنس سے خطاب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان پنجاب اسمبلی توڑیں اور الیکشن کروائیں۔ میرا عمران خان کو چینلج ہے کہ اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلیاں توڑیں۔ آپ اسمبلی توڑیں اور پنجاب کا الیکشن کرائیں۔ انہوں نے کہا ہم نے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے اور اس کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے ہم اس الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور آپ کو پنجاب میں شکست دیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ہم نے پنجاب کی نو ڈویژنز کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے جہاں کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ جو دو ہفتوں کے اندر ہر صوبائی حلقے میں لوگوں کو ملنے کے بعد ہر حلقے میں دو دو امیدواروں کو نامزد کر کے بھیجیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدر عارف علوی سے ملاقاتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کا معاشی بحران کوئی ایک جماعت درست کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ شہباز شریف نے کہا تھا کہ چارٹر آف اکانومی کریں۔ اسحاق ڈار نے بھی یہی تجویز رکھی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور آج سے ان کے استقبال کی تیاریاں شروع کی جا رہی ہیں۔ یونین کونسل کی سطح تک کمیٹیاں بنیں گی اور ہر یونین کونسل سے لوگ نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور پہنچیں گے۔ وہ استقبال الیکشن کا فیصلہ بھی کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ عام انخابات اکتوبر میں ہی ہوں گے اور اگر اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو ان کا الیکشن 90 روز کے اندر ہوگا