وزیراعظم شہبازشریف کا عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا حکم

0
384

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روزوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن )کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کی جانب سے ریلیف پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئندہ سیاسی اجتماعات میں حکومتی معاشی اقدمات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت نے تباہ حال معیشت کو آ کر سنبھالا، عمران خان کی پالیسیاں ملک کو سری لنکا کی سی صورتحال کی طرف لے جارہی تھیں، اتحادی حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدمات کررہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور موجودہ حکومت کے درمیان معاشی اقدامات کے فرق کو اجاگر کیا جائے، ورکرز کنونشن میں حکومتی پالیسیوں کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے۔وزیراعظم نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ حکومتی معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے جبکہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے حکومت مخالف بیانیے کی جتنا ہو سکے نفی کریں۔