دسمبر دہشتگردی کیخلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے،شہبازشریف

0
482

اسلا م آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔سانحہ آرمی پبلک سکول کی برسی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ہر سال16دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشگردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا، آج سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہاکہ 16دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا ایک غمناک ترین واقعہ ہے، سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو حملہ کر کے شہید کیا، آٹھ برس بعد بھی سانحہ کا زخم تازہ ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہاکہ شہدا نے قوم کو دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی، قوم نے ملکر ملک سے دہشت گردی کو شکست دی، آج کا دن اے پی ایس شہداکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں، والدین اور بہادر اساتذہ کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔آمین!