کنگ چارلس سوم کی تصویر والے نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی تصاویر جاری

0
349

لندن(این این آئی )بینک آف انگلینڈ نے ملکہ الزبتھ کی وفات کے بعد کنگ چارلس سوم کی تصویر والے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی تصاویر جاری کر دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 5، 10، 20 اور 50 پانڈ کے تمام ہی نئے کرنسی نوٹوں میں صرف سامنے کی جانب تصویر کی تبدیلی کی گئی ہے، باقی کوئی اور تبدیلی نہیں کی گئی ۔بیان کے مطابق حالیہ نوٹوں کے تمام سیکورٹی فیچرز نئے نوٹوں میں موجود ہیں، نئے نوٹوں میں سامنے کی جانب کنگ چارلس سوم کی تصویر لگائی گئی ہے اور اس کے علاوہ ان کی تصویر کا ایک شفاف عکس سیکورٹی فیچر کے طور پر See-through میں بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ نوٹوں کی پشت پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ نئے نوٹ 2024 کے وسط میں استعمال کیے جا سکیں گے، جبکہ ملکہ برطانیہ کی تصویر والے نوٹ بھی بیک وقت قابل استعمال رہیں گے۔بینک آف انگلینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کی جانب سے جاری رہنمائی کے مطابق کرنسی نوٹوں کی اس تبدیلی کے منفی ماحولیاتی اور مالیاتی اثرات کو کم سے کم ترین سطح پر رکھنے کیلئے نئے نوٹوں کی پرنٹنگ صرف استعمال شدہ پرانے نوٹ سے تبدیلی یا پھر طلب میں اضافے کی صورت میں کی جائے گی۔نئے نوٹ کے ڈیزائن کے اجرا کے موقعے پر بات کرتے ہوئے بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلی نے کہا کہ برطانیہ کی تاریح میں کنگ چارلس دوسرے بادشاہ ہیں جن کی تصویر نوٹ پر شائع ہوئی اور ان نوٹوں کا اجرا کرتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہوں۔