ٹی ٹی پی سے متعلق ہمیں اپنی پالیسی پرنظرثانی کرنی چاہیے،وزیر خارجہ

0
209

واشنگٹن(این این آئی)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم تحریک طالبان سے متعلق پاکستان کی پالیسی پر نظرثانی کرنے پر زور دیا ہے۔امریکی میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ٹی ٹی پی سے متعلق ہمیں اپنی پالیسی پرنظرثانی کرنی چاہیے اور ٹی ٹی پی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامع طریقہ کار کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آسان راستہ افغان عبوری حکومت کیساتھ تعاون کا ہے تاکہ اس مسئلے سے نمٹا جاسکے اور یہ میرا پسندیدہ راستہ ہوگا لیکن اس مسئلے سے نمٹنے کا یہ واحد راستہ نہیں ہے۔دریںاثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ امریکا سے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پاکستان لاجسٹک اور ٹریڈ حب کا کردار ادا کرسکتا ہے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے امریکا کی کوششیں قابل تحسین ہیں، پاکستان اور امریکا مختلف شعبوں میں مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے خطے میں قیام امن ناگزیر ہے، بنوں جیسے واقعات پریشان کن ہیں، شدت پسندی خصوصا کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی پرسختی سے کار بند ہیں۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث خطے کی معیشت کو نقصان پہنچا، رواں سال جون سے ستمبر تک پاکستان میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، پاکستان میں 33 ملین افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج سیلاب کی تباہی سے نمٹنا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، ہماری تمام تر توجہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے پر ہے مستقبل کے ممکنہ ماحولیاتی سانحات سے نمٹنا اور متاثرین کی مدد چیلنج ہے۔