اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر امین الحق نے کہاہے کہ فائیو جی کو بزنس فرینڈلی بنانے کیلئے حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ابتدائی طور پر بڑے شہروں کے مخصوص پوائنٹس پر فائیو جی کی آزمائشی کوریج شروع کی جائے گی۔بدھ کوامین الحق سے اتصالات انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر امین الحق نے کہا کہ پہلی ترجیح ملک بھر میں فور جی ٹیکنالوجی کا دائرہ کار وسیع کرنا ہے، ٹیکنالوجی کا مستقبل فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی تمام موبائل کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، ٹیلی کام کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی پاکستان لانے کے لیے کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ نہیں چاہتے پاکستان ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ سے باہر ہو، کمپنیاں اپنی تیاریاں کریں۔اتصالات وفد نے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سے متعلق وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔اتصالات انٹرنیشنل کے سی ای او میخائل گرچک نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔