جب تک ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود ہے تو لڑائی ختم نہیں ہو سکتی، رانا ثناء اللہ

0
251

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جب تک ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود ہے تو لڑائی ختم نہیں ہو سکتی۔ایک انٹرویومیں رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ عمران خان کا بیانیہ فتنہ اور فساد پر قائم ہے، جو کہے مخالفین کے ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کر سکتا، جو کہتا ہے کہ مخالفین کے ساتھ بیٹھنے سے بہتر ہے مر جاؤں، ایسے میں کیا معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ جب تک ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود ہے تو لڑائی ختم نہیں ہو سکتی۔پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کوئی کھیل تماشا نہیں ہے، ملک کی اس صورتحال کا حل الیکشن نہیں بلکہ چارٹر آف ڈیموکریسی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسا سیاستدان پیدا کیا گیا ہے جو اب ملک کے گلے پڑا ہے، عمران خان نے نیب کا بے دریغ استعمال کیا، جب تک ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود ہے لڑائی ختم نہیں ہو سکتی۔وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے خودکش حملے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں خود کش حملہ کرنے والے کے پیچھے بہت بڑانیٹ ورک نہیں تھا، یہ لوگ کرم ایجنسی سے آئے، ٹیکسی کرائے پر لی گئی تھی، ٹیکسی ڈرائیور اس واقعے میں ملوث نہیں تھا۔رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ ہینڈلرز نے حملہ آور کو اسلام آباد پہنچایا، ہدف تھا اسلام آباد میں جہاں کچھ لوگ اکھٹے ہوں یا کسی آفس کے سامنے حملہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلحے سے بھری گاڑی والی بات درست نہیں تھی، گاڑی جس طرح دھماکے سے اڑی اس سے لگا کہ گاڑی میں اسلحہ تھا لیکن اس میں بارود موجود نہیں تھا۔