مونس الٰہی کی اہلیہ کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیخلاف درخواست ،ایف آئی اے کو 20جنوری تک تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت

0
267

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے کو تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔ عدالت عالیہ میں جسٹس شہرام سرور نے تحریم الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ منی لانڈرنگ کے الزام پر 5جنوری کو ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کا نوٹس ملا، وقت کی کمی کی وجہ سے 6 جنوری تک جواب نہیں دے سکیں۔10جنوری کو ائیرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے نام سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا اس حوالے سے ایف آئی اے نے قواعد وضوابط پورے نہیں کئے۔درخواست میں کہا گیا کہ بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام پرویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ(پی این آئی ایل) میں ڈالا گیا ہے۔سیاسی اور انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا لہٰذا عدالت ایف آئی اے کا اقدام غیر قانونی قرار دے ۔عدالت نوفلائی لسٹ سے نام نکالنے اور بیرون ملک جانے کی اجازت دے۔عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے درخواست کی مخالف کی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ 2020ء میں درخواست گزار کے اکائونٹ میں 27ملین کی رقم غیر قانونی آئی ،ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا جسکو اس عدالت نے خارج کر دیا ۔عدالت نے کہا کہ آپ تحریری جواب داخل کریں ۔جس کے بعد عدالت نے کی کی مزید سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی ۔