امارات کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے معاہدے کے قریب ہیں،بھارت

0
276

ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات اور بھارت قابل تجدید توانائی کے ایک بڑے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات بجلی اور قابل تجدید توانائی کے بھارتی وزیر راج کمار سنگھ نے ابو ظہبی میں انٹرنیشنل ری نیو ایبل انرجی ایجنسی کے حوالے سے اپنے دورے کے موقع پر کہی ۔راج کمار سنگھ نے کہا یہ مجوزہ دو طرفہ معاہدہ حتمی شکل پانے کے قریب ہے،سنگھ کا کہنا تھا کہ امارات اور بھارت کے درمیان اماراتی الیکٹریسٹی گرڈ اور بھارتی گرڈ کے درمیان باہمی رابطہ اور تعلق ہے۔ اس لیے یہ اب ایک سورج ، ایک دنیا اور ایک گرڈ کے انیشیٹوکے قریب آئیں گے، جس کے تحت ممالک قابل تجدید توانائی منصوبے اور نیٹ ورک بنا رہے ہیں۔انہوں نے امارات کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے ممکنہ معاہدے کے بارے میں دوبارہ کہا کہ دونوں ملکوں کا اس پر اتفاق ہے اس لیے انہیں یقین ہے کہ جلد نتائج سامنے آجائیں گے۔راج کمار سنگھ نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ امارات کی طرف سے پہلے ہی اشارہ مل چکا ہے کہ امارات بھارت میں قابل تجدید توانائی منصوبوں پر سرمایہ لگا نے کو تیار ہے۔