یمن جنگ کے خاتمے کے لیے پیش رفت ہورہی ہے،سعودی وزیرخارجہ

0
307

ڈیووس (این این آئی)سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ یمن جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت ہورہی ہے، لیکن ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، جس میں جنگ بندی میں توسیع اور مستقل جنگ بندی کی طرف پیش رفت شامل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں ایک پینل سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آٹھ سال سے جاری تنازع صرف سیاسی تصفیے کے ذریعے ہی حل ہوگا۔یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈبرگ نے اسی پینل میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا خاتمہ ‘آسان نہیں ہوگا’ اور بداعتمادی برقرار ہے، لیکن حال ہی میں سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں۔شہزادہ فیصل نے اسرائیل کی نئی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ تنازع فلسطین کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کرے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کچھ ایسے اشارے بھیج رہی ہے جو شاید اس کے لیے سازگار نہیں ہیں لیکن انھوں نے امید ظاہر کی کہ تنازع کا حل اسرائیل اور وسیع تر خطے کے مفاد میں ہوگا۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے 2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدے طے کیے تھے اور اب الریاض کے ساتھ اسرائیل کے باضابطہ تعلقات کو آگے بڑھانے کاعزم ظاہرکیا ہے،لیکن سعودی عرب نے اس طرح کے کسی بھی اقدام کو فلسطینی ریاست کے قیام اور دیرینہ تنازع کے حل سے جوڑدیا ہے۔