بھارت کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ، حریت رہنما

0
228

سرینگر(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارت کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموںوکشمیر میں اپنے نام نہاد یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق حاصل نہیں ہے کیوںکہ اس نے کشمیریوں کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت ہرگز ایک جمہوری ملک نہیں ہے کیوں کہ اس نے طاقت کے بل بوتے پر جموں و کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ بھارتی یوم جمہوریت اور یوم آزادی کشمیریوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنتے ہیں کیونکہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر علاقے میں محاصروں ، چھاپوں ، تلاشیوں او ر بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کیا جا تا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، رافع رسول اور ڈاکٹر مصب نے اپنے بیانات میں مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کے لیے پورے جموں و کشمیر کو فوجی محاصرے میں لے رکھا ہے۔غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دیا جائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک جارح ملک ہے جس نے جموں وکشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ جما رکھا ہے اورآزادی کے مطالبے کی پاداش میں ان پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی نسل کشی نے بھارتی جمہوریت کو پوری طرح سے بے نقاب کر دیا ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک بھارت کا آخری فوجی کشمیر سے چلا نہیں جاتا۔جمہوری حریت فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرکی موجودہ ابتر صورتحال بین الاقوامی برادری کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے ۔ بیان میں عالمی طاقتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کریں۔