پی ٹی آئی نے نگران وزیراعلی پنجاب کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

0
128

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعلی پنجاب محسن رضا نقوی کی تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکریٹری جنرل محسن نقوی کے تقرر کے خلاف درخواست دائر کی۔تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلی کام کرنے سے روکا جائے۔پی ٹی آئی نے عدالت عظمی سے مزید درخواست کی کہ محسن نقوی کا بطور نگران وزیر اعلی تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔پی ٹی آئی کے علاوہ سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کردی۔شیخ رشید نے سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ محسن نقوی اپوزیشن مخالف اور حکومتی مددگار کے طور پر سامنے آئے۔شیخ رشید نے موقف اپنایا کہ محسن نقوی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے آپریشن کے اہم کردار ہیں، محسن نقوی کی موجودگی میں پنجاب میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔درخواست میں وفاقی سیکرٹری قانون، نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور سیکریٹری قانون پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ محسن نقوی اصف زرداری کے فرنٹ میں ہیں، حکومت تبدیلی میں بھی محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا تھا