اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔الیکشن کمیشن میں عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر کمیشن میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار آفاق احمد تو پیش ہی نہیں ہورہا، عدم پیروی پرعمران خان کیخلاف درخواست خارج کی جائے۔اس پر الیکشن کمیشن کے ممبر کے پی اکرام اللہ نے کہا کہ آپ اپنے دلائل دیں پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کارروائی سے روک چکی ہے اور عدالت نے معاملہ فل بینچ کو بھجوا دیا ہے، اس پر اکرام اللہ نے کہا کہ حکم امتناع تو نااہلی کے ڈکلیئریشن دینے کی حد تک لگ رہا ہے، لاہورہائیکورٹ میں جو درخواست دائرکی تھی اس کی کاپی فراہم کریں۔ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ درخواست آتی ہے تو آپ لوگ ہائیکورٹ پہنچ جاتے ہیں، اسٹے آرڈر کے بعد ہمارا کام صرف آنا، بیٹھنا اور جانا رہ گیا ہے، الیکشن کمیشن سوموٹو لیتا ہے، نہ ایسا کوئی اختیار ہے، درخواست گزارکو بھی نوٹس کررہے ہیں کہ وہ دلچسپی رکھتا ہے یا نہیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔