متوسط طبقہ پس چکا ہے ،صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھائیں، طاہر اشرفی

0
114

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہاہے کہ متوسط طبقہ پس چکا ہے ،صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھائیں،اگر کسی نے توہین رسالت ۖکی ہے تو اس کو سزا دینے کا حق عدالتوں کے پاس ہے،ہم ملک میں مذہب کی بنیاد پر ہونے والے پرتشدد واقعات کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے،الیکشن کمیشن انتخابات میں پیسے کے استعمال کو روکے، الیکشن کمیشن میں ہم اپنے ہم خیال امیدواروں کی حمایت کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اس وقت متوسط طبقہ پس چکا ہے امراء بھی رو رہے ہیں،ان حالات سے نکلنے کیلئے اتحاد انتہائی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں میثاق معیشت کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں عدم برداشت بڑھتی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ محراب اور ممبر کو قتل و قتال کے لئے استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوںنے کہاکہ اگر کسی نے توہین رسالت ۖکی ہے تو اس کو سزا دینے کا حق عدالتوں کے پاس ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان علماء کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام مذہبی اور سیاسی قیادت کے پاس جائیں گے،الیکشن کمیشن انتخابات میں پیسے کے استعمال کو روکے،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم الیکشن میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کریں گے،ہم اپنے ہم خیال امیدواروں کی حمایت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ رمضا مبارک کی آمد آمد ہے ہماری درخواست ہے کہ ذخیرہ اندوزی نہ کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی کرکے لوگوں کی حیات کو تنگ کرنے والوں کو آخرت میں نہیں بخشا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم تربیتی نشستوں کا اہتمام کر رہے ہیں ،مخیر حضرات آگے بڑھیں اور لوگوں کی مدد کریں،پڑوسیوں اور غریبوں کا خیال رکھا جائے،پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ طاہر اشرفی نے کہاکہ ناموس صحابہ و اہلبیت ترمیمی بل پر بات چیت کا راستہ اپنایا جائے،ہم ملک میں مذہب کی بنیاد پر ہونے والے پرتشدد واقعات کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے پاس جاکر انہیں درخواست کریں گے کہ ایک ٹیبل پر بیٹھو اور متحد ہو جائیں۔ طاہر اشرفی نے کہاکہ اس وقت بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے،آج پی ٹی آئی والے خود کہہ رہے ہیں کہ ہمارے استعفے واپس کرو۔انہوںنے کہاکہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز متحد ہو جائیں تو دوست ممالک بھی مدد کرنے کو تیار ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ہم ہر انتخابی حلقے میں امیدواروں کو دیکھ کر ان کی حمایت کا فیصلہ کریں گے۔