پاکستان کی تاریخ کا تیز ترین ریلیف عمران خان کو ملتا، لاڈلہ ہو یا کوئی عام ورکر قانون سب کیلئے ایک ہو نا چاہیے ‘طلال چوہدری

0
243

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا تیز ترین ریلیف عمران خان کو ملتا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے والا تاحیات نا اہل اور بیٹی کو تسلیم نہ کرنے والا صادق اور امین کیسے ہو سکتا ،یہاں خدمت کرنے والوں کو عبرت اور تباہی کرنے والوں کو اتنی عزت دی جا رہی، اگر عدالتوں میں کئی کئی ماہ کی حفاظت ضمانت عمران خان کی ہو سکتی ہے تو عام آدمی کی بھی ہونی چاہیے ،لاڈلہ ہو یا کوئی عام ورکر قانون سب کے لئے ایک ہو نا چاہیے ، امید ہے کہ انتخابات سے پہلے ترازو برابر تول دیا جائے گا ،مشکل فیصلے اپنی حکومت کو قائم رکھنے یا سیاسی فائدے کے لئے نہیں کر رہے بلکہ یہ اقدامات ملک کو ڈیفالٹ اور سری لنکا بننے سے بچانے کے لئے کیے ،عمران خان کا معاہدہ آج ہمارے گلے پڑا ہے ،آئی ایم ایف کی طرف سے منی بجٹ میں 870 ارب کے ٹیکسز کی ڈیمانڈ کی گئی تھی مگر ہم نے کم کر کے 170ارب پر راضی کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے ہم نے مشکل اقدامات کیے اور یہ میں حلفاً کہتا ہوں کہ کوئی فیصلہ اپنی حکومت کو قائم رکھنے یا اپنے سیاسی فائدے کے لئے نہیں کیا بلکہ یہ اقدامات ملک کو ڈیفالٹ اور سری لنکا بننے سے بچانے کے لئے کیے ہیں ، ہماری روایت نہیں رہی کہ ہم لوگوں پر بوجھ ڈالیں ، نواز شریف کے تین ادوار میں عوام کو ریلیف دیا گیا اور آسانیاں پیدا کی گئی ہیں ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ نواز شریف کی پارٹی کی حکومت ہو اور لوگوں کو مشکلوں میں ڈالا جائے مہمارے پاس آپشن نہیں تھا اور مجبوری تھی ، اس مجبوری کے ہوتے ہوئے کہ پاکستان سری لنکا بنے گا تو کیا ہو گا یہ اقدامات کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دو چیزیں سامنے رکھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف اور عمران خان کے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدوں کا مقابلہ کیا جائے ۔ نواز شریف کے معاہدے میں بجلی کے کارخانے لگے ، موٹر وے بھی بنی پاکستان کی بہترین سٹاک ایکسچینج بنی ، پاکستان میں روپیہ طاقتور ہوا ڈالر نیچے کو گرا کیونکہ دل میں درد تھا یہ پتہ تھا کہ ایک روپیہ کسی چیز کی قیمت بڑھتی ہے تو عام آدمی پر کتنا اثر ہوتا ہے ،نواز شریف کے معاہدے میں چینی ، آٹا ،گھی ،بجلی و گیس کی قیمتیں نہیں بڑھیں ۔