حیدرآباد(این این آئی)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو بروقت انتخابات کرانے کے سلسلے میں انہوں نے جو خط لکھا تھا اس پر مزید کیا قدم اٹھایا جائے ابھی وہ اس کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔وہ سول ایوی ایشن اتھارٹی آڈیٹوریم میں ایوان صنعت و تجارت حیدرآباد کی تقریب سے رخصت ہوتے وقت دو صحافیوں کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ان کے گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر کو آئین اور قانون کے مطابق بروقت انتخابات کرانے کے حوالے سے خط کا ذکر کیا ہے اور اب اس سلسلے میں آپ مزید کیا ایکشن لے رہے ہیں۔اس پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئین نے صدر کو اقدام کا نہیں مشورے کا اختیار دیا ہے، ابھی میں اس سلسلے میں غور کر رہا ہوں۔صدر پاکستان نے اس تقریب میں اپنے خطاب میں پنجاب اور کے پی کے میں آئین اور قانون کے مطابق بروقت 90 روز میں انتخابات کرانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے اپنے خط کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ جمہوری ملکوں میں حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں انتخابات بروقت کرائے جاتے ہیں کیونکہ جمہوریت کا یہی تقاضہ ہے۔