اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے صدر عارف علوی سے آئینی اختیار سے تجاوز کرنے پر معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف فیصلہ واپس لینا کافی نہیں، صدر کو اپنے غیر آئینی عمل پر معافی مانگنی چاہیے۔اپنے بیان میں شیر ی رحمن نے کہاکہ صدر نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کا “اعلان” واپس لے کر ثابت کردیا انہوں نے غیرآئینی حکم جاری کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ صدر کے وکیل خود تسلیم کر رہے ہیں کہ عارف علوی نے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ واضح طور پر صدر کے پاس انتخابات کی تاریخ دینے کا آئینی اختیار نہیں تھا، صرف فیصلہ واپس لینا کافی نہیں، صدر کو اپنے غیر آئینی عمل پر معافی مانگنی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سے پہلے بھی وہ عمران خان کے غیر آئینی مشورے پر قومی اسیمبلی تحلیل کرچکے ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ عارف علوی صدر کے طور پر برتاؤ کریں، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل یا ٹائیگر فورس کے رکن کے طور پر نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وہ ایک آئینی عہدے پر بیٹھے ہیں، ان کا عہدہ جانبداری کی اجازت نہیں دیتا۔ شیری رحمن نے کہاکہ صرف عمران خان کی سیاست کو فائدہ پہنچانے کیلئے اس طرح کے فیصلے اور اقدامات عارف علوی کو ایک متنازعہ صدر بناتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کو آئینی عہدے پر بیٹھ کر آئین کی پاسداری کرنی چاہئے، عمران خان کی نہیں