چیئرمین سینیٹ کی بلوچ ثقافت کے دن کے موقع پر بلوچ بہن بھائیوں کو مبارک باد

0
465

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچ ثقافت کے دن کے موقع پر بلوچ بہن بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ بلوچ قوم ایک عظیم قوم ہے جو بہترین تاریخ رکھتی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلوچ ثقافت امن،محبت، روایات اور یکجہتی کی ثقافت ہے اور اس دن کو بلوچستان سمیت ملک بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔ ملک بھر میں ہرسال کی طرح بلوچ ثقافتی دن کو انتہائی جوش وخروش اورجذبے سے منایا جارہا ہے اور بلوچ نوجوان، بچے، بوڑھے اپنے ثقافتی لباس، بلوچی ثقافتی دستار پہن کر اپنی ثقافت سے والہانہ محبت اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اس دن مصنف، دانشور بلوچ قوم کی تاریخ اورثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو اپنی تاریخ اور ثقافت سے روشناس کراتے ہیں۔بلوچ قوم ایک عظیم قوم ہے جو بہترین تاریخ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی ثقافت کو زندہ رکھیں اور نوجوان نسل کو علم و شعور کی جانب راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2 مارچ بلوچ کلچرل ڈے منانے کا مقصد یہی ہے کہ ایک پیغام دیں کہ بلوچ قوم منظم باشعور اور پرامن ہے انہوں نے کہا کہ تمام اقوام ہمارے لئے قابلِ احترام ہیں بلوچ کلچرل ڈے کے دن دیگر اقوام بھی خوشی اورمحبت کا اظہار کرتے ہوئے بلوچی ثقافت کو اپنا کر خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافتی اقدار کے فروغ اورتہذیب وتمدن کو اہمیت دینے سے قومی یکجہتی اور اتفاق و اتحاد کو پروان چڑھایا جا سکتا ہے