میرپور میں انٹرنیشنل معیار کا ائیرپورٹ تعمیر کریں گے ،سردار تنویر الیاس

0
673

میرپور (این این آئی)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ میرپور میں انٹرنیشنل معیار کا ائیرپورٹ تعمیر کریں گے اور اگلے ہفتہ میرپور ڈرائی پورٹ کا افتتاح کریں گے۔پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی الیکشن کروائے ووٹروں کو آزادانہ ماحول میں حق رائے دہی کا موقع فراہم کیا۔گلگت کے لئے بس سروس اہم اقدام ہے۔سندھ حکومت سے دو لاکھ کنال زراعت کی پیدوارکے لئے اور دس ہزار کنال کراچی میں کشمیری کمیونٹی کی رہائشی سہولیات کی اراضی کے حصول کے لئے وزیراعلی سندھ سے بات کی ہے۔کراچی اور سندھ میں کشمیریوں کی بڑی تعداد موجود ہے کراچی میں آباد کشمیریوں کے لئے سندھ حکومت کی طرف سے کبھی کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا آزاد کشمیر میں سندھ ہاؤس کے لئے 22 کنال ا ور گلگت بلتستان ہاؤس بنانے کیلئے جگہ دے دی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ میرپور کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین،پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور اور نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا اور ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ میرپور اووسیز کا شہر ہے اس کو میں اپنے ماتھے کا تاج سمجھتا ہوں اس حوالے سے اوورسیز کے مسائل اور شہر کی تعمیر وترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ہماری واحد حکومت ہے جس کے صدر، وزیراعظم اور وزراء پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے نظریات الگ الگ ہوسکتے ہیں لیکن دشمنی نہیں ہونی چاہیے ہم نے آزاد کشمیر میںرواداری کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔میرپور رٹھوعہ ہریام برج کی تعمیر ہوگی اورمیرپور کے دیگر ترقیاتی منصوبہ جات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 05اگست 2019کا بھارتی حکومت کا ظالمانہ فیصلہ کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی ہے جسے کشمیری کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ۔انھوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں G20کانفرنس کے انعقاد کی مذمت کرتے ہیںبھارتی زیر قبضہ ریاست جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق متنازعہ ہے بھارت کے پاس کوئی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی جواز نہیں ہے کہ متنازعہ ریاست میں اس قسم کی کانفرنس منعقد کر وائے ۔بھارتی حکمران ہمارے جذبہ ایمان کا امتحان نہ لیں۔بھارت کو اس کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ اگر چہ سابقہ حکومتوں کی قانون سازی سے احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا لیکن ہم آزاد کشمیر میں احتساب کے عمل کو درست کریں گے اور خطہ میں ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں ہے۔ایک سوال کے جواب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں آزاد کشمیر کے لوگ مختلف محکموں میں سرکاری نوکریاں کر رہے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ آزاد کشمیر کے گریڈ 20کے افسران ترقیاب ہو کر پاکستان میں اعلی عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دیں