لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی، جھتے قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن عمران خان ، حسان نیازی ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری، حماد اظہر ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری وغیرہ کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھرائو کیا اور ڈنڈے برسائے ۔ایف آئی آر متن کے مطابق پولیس پر پتھرائو اور ڈنڈے مارنے سے 13پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے جبکہ کارکنوں کے پتھرائو کی وجہ سے انکے اپنے چھ کارکن بھی زخمی ہوئے ، زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال لایا گیا جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بھی زیر علاج تھے اور انہی زیر علاج زخمیوں میں علی بلال بھی دم توڑ گیا۔خیال رہے کہ بدھ کے روز تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے37 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔