شام میں اسرائیل کے فضائی حملے میں ایران نواز ملیشا کے 19 جنگجو ہلاک ہوگئے

0
762

دمشق(این این آئی)شام کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے انیس جنگجو ہلاک ہوگئے ۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں واقع سرحدی قصبے البوکمال کے نواح میں ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانوں کو بمباری میں نشانہ بنایا ہے اور اس میں متعدد غیرملکی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔اسرائیل نے شام میں 2011ء سے جاری خانہ جنگی کے بعد سے سیکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔اس نے ان حملوں میں شامی فوجیوں ، ان کی اتحادی ایران نواز ملیشیاؤں یا ایرانی فورسز اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا ہے لیکن اسرائیل نے کم ہی شام میں ان فوجی کارروائیوں کی تصدیق کی ہے۔البتہ شامی رصدگاہ کا کہنا ہے کہ پروازوں کے انداز کے مطابق یہ اسرائیلی فضائیہ ہی نے حملے کیے ہیں۔اس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کے بعد شام میں دو اور فضائی حملے بھی کیے ہیں۔تاہم اسرائیلی فوج نے ان حملوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے