پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ

0
178

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرواتے رہیں گے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،6 اور 7 مارچ کو پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے، آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا، قطر کانفرنس میں شہباز شریف نے پاکستانی نقطہ نظر رکھا، وزیر اعظم نے امیر قطر سے ملاقات کرکے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے اہم دورے پر ہیں، بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم پر بات کی، وزیر خارجہ نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر کانفرس سے خطاب بھی کیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ 6 اور 7 مارچ کو پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچے بھی بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیری خواتین پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 20 سالوں میں 682 خواتین کو قتل، 11 ہزار خواتین کی عزتیں لوٹی گئیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی، حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں شرکت کریں گی جبکہ وہ برطانیہ میں کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔