حکومت کی صرف یہ کوشش ہے عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ناکام ہوا اسے کامیابی میں کیسے بدلنا ہے’ فواد چوہدری

0
107

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی صرف یہ کوشش ہے کہ عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ناکام ہوا اسے کامیابی میں کیسے بدلنا ہے ،حکومت کے تمام ادارے الیکشن نہ کرانے کے بہانے تراش رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہوگا پورا آئین معطل ہو جائے گا،سپریم کورت کے احکامات کو ردی کی طرح بنایا جارہا ہے ، میں نے کابینہ میں کہا تھا نواز شریف کو باہر نہ جانے دیں انہیں بھی انٹر نیشنل اسٹیبلشمننٹ الطاف حسین کی طرح اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرے گی لیکن میری بات نہیں مانی گئی ، ملک پر اس وقت سسیلین مافیا قابض ہے ، ان سے جان چھڑانا اہم ہے وگرنہ پاکستان کا مستقبل خطرے میں ہے ۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے رات بارہ بجے بائیس کروڑ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا ہے اور ڈیزل کی قیمت میں 13روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 5روپے اضافہ کیا گیا ،یہ اضافہ مڈل کلاس جس کی پہلے ہی کمر ٹوٹ چکی ہے اس کو جیتے جی مارنے کی سازش ہے ، ایسے وقت میں جب دنیا میں پیٹرولیم کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں اضافہ کیا گیا ،ہمارے دور میں پیٹرولیم کی قیمتیں 112روپے فی بیرل تھیں لیکن پیٹرول 145 روپے لیٹر مل رہا ہے آج 70ڈالر فی بیرل پر ہیں لیکن گیارہ ماہ میں ہمارے دور کے مقابلے میںدو گنا سے زیادہ اضافہ کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان معاملات سے توجہ ہٹانے کے لئے عمران خان کی گرفتاری کا بہانہ بنائے ہوئے ہیں، حکومت کا گرفتاری کا صرف ایک مقصد ہے کہ توشہ خانہ میں نوازشریف ،زرداری اور ان کی فیملیوںنے جو جھاڑوں پھیرا ہے وہ زیر بحث نہ آئے، تیل کی قیمتوں پر بحث نہ ہو ،احتساب پر بحث نہ ہو اور پاکستان کے سکیورٹی مسائل پر بحث نہ ہو اس لئے وہ عمران خان کی گرفتاری پر توجہ مبذول کرا کے ان مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی وجہ سے بحیثیت ریاست ملک کمزور ہو رہا ہے، ہمارے اندر کی تقسیم میں بہت اضافہ ہو رہا ہے ہماری معیشت ،سیاست اور آئین بھی خطرے میںہے ، سب سے پہلے آئین میں جو انسانی حقوق دئیے گئے ہیں ، سیاسی حقوق معطل ہوئے اور اگر جس طریقے سے حکومت کے تمام ادارے الیکشن نہ کرانے کے بہانے تراش رہے ہیں اس کا مطلب یہ ہوگا پورا آئین معطل ہو جائے گا،سپریم کورت کے احکامات کو ردی کی طرح بنایا جارہا ہے ،ہائیکورٹ کے احکامات دل ہوتا ہے تو عملدرآمد ہو جاتا ہے اور اگر دل نہیں چاہتا تو نہیں ہوگا ۔دوسری طرف ایک مجسٹریٹ کے فیصلے پر پورا پاکستان جام ہو جاتا ہے ،اسلام آباد پولیس کو ہیلی کاپٹر اور جہاز ایسے دئیے جاتے ہیں جیسے ٹیکسیاں ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز کا حال دیکھیں آنسو گیس کا شیل جلا کر خود ہی بیہوش ہو کر گر گئے ، یہ حکومت کے رویے ہیں جنہوں نے پاکستان کو کمزور کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں اہم مقدمات تھے ، سب سے پہلے حکومت نے زمان پارک میں جو آپریشن روکا تھا اس میں توسیع کر کے ریلیف دیا گیا ہے