توشہ خانہ کیس،عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست غیر موثر قرار

0
136

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی جانب سے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست کو غیر موثر قرار دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے ذریعے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے خواجہ حارث اور بیرسٹرگوہر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست کو غیر موثر قرار دے دیا۔دوسری جانب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری فائل گم ہونے پر آئی جی اسلام آباد اور ٹرائل کورٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے کہا کہ حاضری فائل گمشدگی سے متعلق 10 دنوں میں رپورٹ پیش کریں۔واضح رہے کہ سیشن عدالت نے 18 مارچ کو عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس آمد پر وارنٹ منسوخ کردیے تھے اور عدالت نے معاملہ ریمانڈ بیک کرکے سیشن جج کو بھجوا دیا تھا تاہم سیشن جج نے وارنٹ برقرار رکھے تو عمران خان نے اسلام آباد ہا ئیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔