مینار پاکستان جلسے سے قبل لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع

0
162

لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور پولیس نے 26مارچ کو مینار پاکستان پر پی ٹی آئی جلسہ سے قبل ہی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ۔ تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے فوکل پرسن اظہر مشوانی اور داتا گنج بخش ٹائون سے جلسے کے منتظم ملک قیصر کو حراست میں لے لیا ہے۔ملک قیصر داتا گنج بخش کی یونین کونسل 62کے صدر ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی لاہور کی جانب سے میاں ندیم کو حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما حماد خان نیازی اور بجاش خان نیازی کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا تاہم گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے دونوں گرفتاری سے محفوظ رہے۔اتحاد کالونی میں تحریک انصاف کے مقامی رہنما میاں نعیم کے گھر بھی رات گئے پولیس نے چھاپا مارا۔ میاں نعیم گھر پر موجود نہیں تھے لیکن ان کے الفت نامی مہمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔سمن آباد میں ہی پی ٹی آئی کے یوسی 91کے وائس چیرمین سجاد درانی اور کونسلر بشارت علی کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا۔ دونوں رہنما گھر میں نہ تھے۔پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما ملک وقار احمد گجر کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا تاہم وہ بھی ہاتھ نہ آئے۔مناواں کے علاقے میں حماد اعوان کے گھر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس ان کے بھائی کو گرفتار کر کے لے گئی۔ تحریک انصاف کے ممبر کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ پولیس ان کے ملازمین کو ساتھ لے گئی ۔شاہدرہ میں پی پی 145سے پی ٹی آئی کے امیدوار صوبائی ملک مبشر لال کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مارا ۔ گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے پولیس ملک مبشر لال کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اظہر مشوانی اور شاہد حسین سمیت 750 کے لگ بھگ کارکن اغوا اور گرفتار کئے گئے ہیں۔مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ آئی جی پنجاب کی دھمکی آمیز گفتگو کے بعد اظہر مشوانی کو اغوا کر کیا گیا ہے، اظہر کو فورا عدالت میں پیش کیا جائے اور الزامات کی تفصیل بتائی جائے۔انہوں نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر (آپ)سمجھتے ہیں ظل شاہ کو قتل کرنے اور تشدد کرنے کے بعد ان پر تنقید بھی نہیں ہو گی تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔فواد چوہدری نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ اب تک 750کے لگ بھگ پی ٹی آئی کے لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، سوچا تھا رمضان سلامتی کا مہینہ ہے شیطان بند ہوں گے لیکن ان شیطانوں کو یہ بھی احساس نہیں کہ غریب لوگوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈالا ہے ان کا گھر اور خاندان جس اذیت میں ہوں گے خصوصا جب واحد کمانے والا جیل ہو گا؟۔اس ضمن میں رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے اظہر مشوانی کی حراست سے متعلق بتایا کہ انہیں ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا، اظہر مشوانی کو نامعلوم افراد نے لاہور سے اغوا کیا۔انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے حقیقی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتے، ان نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کی آزاد سوچ کو غلام نہیں بنا سکتے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت ملی تھی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد جلسے کی اجازت دی گئی تھی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے اجازت کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔جس کے مطابق جلسہ انتظامیہ اسٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی اور تمام متعلقہ علاقے میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔