سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قائداعظم بارے نامناسب الفاظ کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا

0
117

اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قائداعظم بارے نامناسب الفاظ کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیاجبکہ قومی اسمبلی کو وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستان کی خستہ حال عمارت کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے بولی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سب سے زیادہ موصول ہونے والی بولی کو عمارت فروخت کردی جائیگی،اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کوئی عمارت بیچی یا خریدی نہیں گئی ۔ جمعہ کو وقفہ سوالات میں سکندر علی راہو پولو کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری سید حسین طارق نے کہا کہ وزارت خارجہ میں کفایت شعاری کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے جس کے تحت 28 کروڑ کی بچت کی گئی ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے فارن مشنز کے فنڈز وہیں سے پورے کئے جائیں تاہم کبھی کبھی یہاں سے ضمنی گرانٹ کی ضرورت پڑ جاتی ہے ، وزارت خارجہ کو بیرون ملک مشنز میں ادائیگیاں ڈالرز میں کرنا پڑتی ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافہ کی وجہ سے بھی مسائل درپیش ہیں۔ مہر حسین طارق نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے وقت ڈالر کا جو ریٹ ہوتا ہے اسے مدنظر رکھا جاتا ہے اگر اس دوران روپے کی قدر میں کمی ہو جاتی ہے تو اس سے مسائل برھ جاتے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری خارجہ امور سید حسین طارق نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں کے دوران واشنگٹن میں ایک جائیداد کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے بین الوزارتی کمیٹی کی اجازت لینے کے بعد فروخت کی جارہی ہے،اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بیرون ملک نہ کوئی جائیداد خریدی گئی اور نہ ہی کوئی فروخت کی گئی۔پارلیمانی سیکرٹری سید حسین طارق نے کہا کہ واشنگٹن میں عمارت کی فروخت کی منظوری بین الوزارتی کمیٹی نے دی تھی۔ بولی کا سارا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ توقع سے زیادہ قیمت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے جو زیادہ سے زیادہ بولی ملی ہے وہ وفاقی کابینہ کے پاس منظوری کے لئے بھجوائی گئی ہے۔اجلا س کے دور ان رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایک میڈیا پرسن گوہر بٹ کا وی لاگ سن کر انتہائی تکلیف ہوئی ،انہوں نے کہا کہ اوریا مقبول جان کے حضرت قائداعظم کے بارے میں ریمارکس سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ”قائداعظم بھی اتنے مقبول نہیں تھے جتنا عمران خان ہے”۔ انہوں نے کہا کہ حضرت قائداعظم کے ساتھ کسی کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے،پیپلزپارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو شہید جیسے عظیم لیڈر اور مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کا موازنہ کبھی قائداعظم کے ساتھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو اپنے محسنوں کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں ،کو یہاں سے سخت پیغام جانا چاہیے تاکہ آئندہ کسی کو اپنے محسنوں کے بارے میں ایسی بات کرنے کی جرات نہ ہو۔ سپیکر نے شیخ روحیل اصغر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حضرت قائداعظم کے بارے میں ایسی بات کرنا درست نہیں ہے انہوں نے اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا