وزیر اعظم کی دولت مشترکہ تنظیم کے سیکرٹری سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

0
178

لندن (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ تنظیم کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات کی جس میں دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور تعاون کے فروغ کے حوالے سے نئے امکانات پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے مقاصد کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی سطح پر تعاون کے امور پر بات چیت کی ۔وزیراعظم شہباز شریف اور زیمبیا کے صدر ہیکیندی ہیچیلما کی بھی ملاقات ہوئی ۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، معاشی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف سے ماریشس کے صدر پرتھوی راج سنگھ روپن کی بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں قائدین کا مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیراعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے حوالے سے جائزہ لیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے عوام اور حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ۔