خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے علاقائی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے’ مشاہد حسین سید

0
186

لاہور ( این این آئی)چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے علاقائی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے زیر اہتمام کونراڈ ایڈناؤر سٹیفٹنگ کے اشتراک سے ‘سنٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیا ری کنیکٹڈ’کے موضوع پر منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے آن لائن خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ریجنل ڈائریکٹر جنوب مشرقی ایشیا کونراڈ ایڈینیور سٹفٹنگ ڈاکٹر ایلینو زینو، چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، محققین اور طلبائوطالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے خطے کے ممالک کو قریب لانے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔گورنر پنجاب/ چانسلر پنجاب یونیورسٹی بلیغ الرحمان نے معروف سکالرزاور مندوبین کی شرکت پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس سے علاقائی رابطوں کے مسائل کو سمجھنے میں مدد ملے گی ۔ڈاکٹر خالد نے پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ کو بہترین کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔انہوں نے ڈاکٹر زینو، ڈاکٹر محبوب اورمنتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس کی سفارشات میں سکالرز نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ کئی سالوںسے جنوبی ایشیا کا خطہ سیاسی، ثقافتی اور سماجی تنازعات کی وجہ سے انسانی اور سماجی ترقی میں پیچھے رہ گیا ہے ،جس نے خطے کی خوشحالی اور ترقی کی راہ میں شدید رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔کانفرنس میں اس عزم کی توثیق کی گئی کہ جنگ اور تنازعات کی بجائے امن اور ہم آہنگی جنوبی ایشیاکے لوگوں کی انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور دنیا کے مہذب لوگوں میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ڈاکٹر زینو نے ترکی، ازبکستان، قازقستان، افغانستان، انگلینڈ، جرمنی اور پاکستان کے قومی اور بین الاقوامی محققین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر محبوب حسین اور پنجاب یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا