نریندر مودی کے دورہ امریکہ سے قبل محکمہ خارجہ کی بھارت میں اقلیتوں پر حملوں پر اظہار تشویش

0
398

نئی دلی(این این آئی)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مسلسل حملوںپرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکی ہولوکاسٹ میوزیم کو بھارت میں ”بڑے پیمانے پر قتل عام”کا خطرہ ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق واشنگٹن میں ایک تقریب میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی مرتب کردہ 2022کی بین الاقوامی مذہبی آزادی کی رپورٹ جاری کی۔اگرچہ بلنکن نے اپنی تقریر میں بھارت کا کوئی ذکر نہیں کیاتاہم صحافیوں کے ساتھ بریفنگ میں انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار پر غیر معمولی طور پرجامع اور تفصیلی تبصرہ کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاہیکہ رپورٹ میں بھارت میں مذہبی برادریوں بشمول عیسائیوں، مسلمانوں، سکھوں، ہندو، دلتوں اور مقامی برادریوں کے خلاف حملوں، ہرزہ سرائی ،مسلمانوں کے قتل عام کے اعلانات ، وحشیانہ تشدد اور نفرت پر مبنی دیگر مظالم ، اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور گھروں پر حملوں اور توڑ پھوڑ اور ان حملوں اور تشدد میںملوث افراد کیلئے معافی کو اجاگر کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ بھارت میں ریاستی سطح پر مذہبی لباس پر عائد پابندیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے ۔وہ غالبا ًبھارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندیوں کا حوالہ دے رہے تھے، جسے قانونی طور پر چیلنج کیا گیا تھا، لیکن بعد میں بھارتی سپریم کورٹ نے اس پابندی کو برقرار رکھا۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار نے کہاکہ عالمی برادری بھارت میں انسانی حقوق کے گروپوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ امریکی ہولوکاسٹ میوزیم نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ مبذول کرائی ہے اور اسے تشویش کے اپنے سرفہرست ممالک میں شامل کیا ہے اوربھارت میں بڑے پیمانے پر قتل عام کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔