اسلام آباد ہائیکورٹ ، شاہ محمود کی گرفتاری کالعدم، رہائی کا حکم، شہریار آفریدی کی اہلیہ کو بھی رہا کرنے کا حکم

0
113

ا سلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تھری ایم پی او کے تحت شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے کہ کچھ بھی ہو،آپ کو بتارہے ہیں ٹھیک نہیں ہورہا، کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا جو ملوث ہوگا اسے سزا دیں، جوجلائے گئے وہ پاکستان کے اور ہمارے اثاثے ہیں لیکن عورتوں کو ایسے نہ پکڑا جائے، قانون پرعمل درآمد ہوگا۔اس پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ گھریلو خواتین نے اپنے شوہربھی قتل کیے ہیں، گھریلو خواتین کچھ اور سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتی ہیں۔عدالت نے کہا کہ ایک چیزیاد رکھیں، ہماری عدالت سے رہائی کے بعدکسی کوگرفتارکیا توبہت مسئلہ ہوگا، ہماری عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت نتائج ہوں گے، آپ قانونی کارروائی کریں لیکن یہ کیا کہ آپ نے گھریلوخاتون کو ہی گرفتارکرلیا، ہم شہریارآفریدی کی اہلیہ کا بیان حلفی لے کر انہیں رہا کررہے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شہریار آفریدی کی اہلیہ کو بھی رہا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ شہریار آفریدی کی اہلیہ کو بیان حلفی کے بعد رہا کیا جائیگا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔