مند پشین بارڈر مارکیٹ اورگبد پولان ٹرانسمیشن لائن منصوبوں سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونں گے،وزیراعظم

0
410

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مند پشین بارڈر مارکیٹ اورگبد پولان ٹرانسمیشن لائن منصوبوں سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے ساتھ ان کی انتہائی تعمیری اورنتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کو تیزکرنے پر اتفاق ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مستقبل کے تعاون کے روڈ میپ کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بجلی کے شعبوں کو ترجیحات بنایا ہے، اس مقصد کیلئے آزاد تجارت کے معاہدے پر کام کی رفتار تیزکرنے کوترجیح دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ کل بلوچستان کے لوگوں کے لیے ایک یادگار دن تھا۔ مندپشین بارڈر مارکیٹ اور پولان گبد ٹرانسمیشن لائن کے مشترکہ افتتاح سے سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی منڈیوں کے ذریعے تجارت کی بڑی گنجائش ہے جن سے ہم استفادہ کریں گے ،، مند پشین بارڈر مارکیٹ 6سرحدی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام لوگوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے 2009 سے زیر التوا ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی ریکارڈ چار ماہ میں تکمیل کو یقینی بنایاہے۔