قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی، چیئر مین سینٹ

0
245

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولی ہیاور نہ بھولے گی، ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے والہانہ محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے یومِ تکریم شہداِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے والہانہ محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے، ہمارا ایمان ہے کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کو نہ کبھی بھولی ہیاور نہ کبھی بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں وطن کے محافظوں سے محبت پاکستان سے محبت کرنے کے مترادف ہے، جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں اْن کا تاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتا،شہدا کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم سب کو مل کر اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر نفرتوں کی تمام دیواروں کو ختم کر دیں گے اور وطنِ عزیز کے تمام شہدا کی قربانیوں کو نا صرف یاد رکھا جائیگا بلکہ ان کے تقدس اور حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔