اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان افریقی اقوام کیساتھ اپنا تجارتی حجم بڑھانے، زراعت ، فارماسوٹیکل ،سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، ہمارا ملک اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت افریقا میں قیام امن کیلئے طویل عرصے سے اپنی خدمات پیش کررہا ہے، پاکستانی جامعات میں افریقی ممالک کے طالب علموں کو سکالرشپس فراہم کررہے ہیں۔جمعرات کو افریقا کے قومی دن کی مناسبت سے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کے دستوں نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت افریقا میں خدمات سرانجام دی ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان افریقن یونین کا بھر پور حمایتی ہے اور موسمیاتی تبدیلی ،امن اور غربت کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے طالب علموں کو اپنی جامعات میں درس و تدریس کیلئے سکالرشپ فراہم کررہا ہے اور اس پروگرام سے کئی طالب علم مستفیدہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی اقوام کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دی جارہی ہے ، افریقی فورسز کی استعداد کار میں اضافے ، انسداددہشتگردی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے استعداد کار میں اضافے اور سکالرشپ پروگرام کے تحت افریقی طالب علموں کی انسانی ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ افریقا میں امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے دونوں اقوام میں تعاون جاری ہے۔