ریاض (این این آئی )سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹان میں برکس گروپ کے وزرا خارجہ کے اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کی ۔ دونوں وزرا خارجہ نے باہمی تشویش کے متعدد مسائل پر بات چیت کی اور دوطرفہ اور کثیر جہتی کام کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں وزرا نے دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان تمام شعبوں میں دوستی اور تعاون کے پہلوں کو بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ملاقات میں اٹھائے گئے اہم ترین امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یہ اجلاس تیز رفتار، پائیدار ترقی اور جامع تکثیریت کے لیے شراکت داری کے نعرے کے تحت منقعد کیا گیا تھا۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں ریاض کے موقف کی تجدید کی جس کا مقصد روسی یوکرینی بحران کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر اور جنوبی افریقہ کی بین الاقوامی تعلقات اور تعاون کی وزیر گریس نالیڈی پانڈور سے الگ الگ ملاقات کی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل موضوعات پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔دونوں ملاقاتوں میں سعودی عرب اور ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان کو بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزرا نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بنیادیں رکھنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں شراکت بڑھانے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔