ملتان میں عوام کو روکنے میں تمام حکومتی حربے ناکام ہو گئے، رانا ثناء اللہ

0
396

کرمانوالہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملتان میں عوام کو روکنے میں تمام حکومتی حربے ناکام ہو گئے تو حکومت بھاگ گئی، یہ پہلا جلسہ ہے جس میں حکومتی مشینری بوکھلا گئی ،لاہور کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب عوام باہر نکلی تو حکومت غائب پولیس غائب حتی کہ ٹریفک پولیس بھی غائب ہو گئی ا نہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنا تھا یا پورے ملتان میں جلسہ کرانا مقصد تھا پچھلے تین دنوں سے ملتان میں جلسہ ہو رہا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر حکومت نے لاہور کے جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالی تو مینار پاکستان پرتاریخ کابڑا جلسہ ہو گاا گرجلسہ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پھر پورا لاہور جلسہ گاہ میں تبدیل ہو جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو کورونا کا مسئلہ یا پی ڈی ایم کاخوف ہے ۔انہوںنے کہا کہ کرونا کامسئلہ ہے تو پھر لوئر دیر میں جلسہ ہوا، ننکانہ صاحب میں سکھوں کا اجتماع ہوا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ان کو مبارکباددی ۔انھوں نے کہا کہ صرف پی ڈی ایم کی تحریک کو روکنے کے لیے حکومت بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ تحریک کو آہستہ آہستہ آ گے لیجائیں گے اوراس کرپٹ سلیکٹڈحکومت سے عوام کی جان چھڑا یں گے ۔