امریکی سینیٹ کی پہلی مسلم خاتون کو وفاقی جج نامزدگی کی توثیق

0
294

واشنگٹن(این این آئی)امریکی سینیٹ نے شہری حقوق کی وکیل نصرت چودھری کی نیو یارک کے مشرقی ضلع کے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ کی جج کے طورپر توثیق کر دی ہے جس کے بعد وہ امریکہ کی پہلی بنگلہ دیشی امریکی اور پہلی وفاقی مسلم خاتون جج بن گئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق الی نوئے کی امیریکن سول لبرٹیز یونین کی لیگل ڈائریکٹر، 47 سالہ بنگلہ دیشی نژاد امریکی وکیل نصرت چودھری کی توثیق 49 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ہوئی۔نصرت چودھری نے اس سے پیشتر اپنی پروفیشنل زندگی کا بیشتر حصہ الی نوئے کی نیشنل امیریکن سول لبرٹیز یونین کے ساتھ گزارا جہاں انہوں نے نسلی انصاف اور قومی سلامتی کے مسائل پر کام کیا۔ وہ 2018 سے 2020 تک ادارے کے نسلی انصاف پروگرام کی ڈپٹی ڈائریکٹر رہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جنوری 2022 میں انہیں وفاقی بنچ کے لئے نامزد کیا تھا۔سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر چک شومر نے ایک بیان میں کہا کہ نصرت چودھری کے ایک باصلاحیت اور شہری حقوق کے لیے وقف وکالت کے تجربے نے انھیں وفاقی بنچ میں دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دینے کے لیے تیار کیا ہے، اور وہ حقائق کی پیروی کریں گی اور وہ غیر جانبداری اور قانون کی بالا دستی کے ساتھ انصاف فراہم کریں گی ۔نصرت چودھری کو سینیٹ کے کچھ ریپبلکن ارکان کی جانب سے اس کے بعد سخت سوال وجواب کا سامنا ہوا تھا جب انہوں نے اس بارے میں متضاد جواب دیے کہ آیا انہوں نے 2015 میں پرنسٹن یونیورسٹی کی تقریب میں وہ تبصرے کیے تھے جن میں انہوں نے کہا تھا کہ پولیس کے ہاتھوں غیر مسلح سیاہ فام مردوں کے قتل ہر روز ہوتے ہیں۔بعد میں انہوں نے سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے پینل کو ایک خط میں کہا کہ ،یہ بیان نفاذِ قانون کے لئے میرے گہرے احترام سے مطابقت نہیں رکھتا۔نصرت چودھری نے نیو یارک کے قریبی جنوبی ڈسٹرکٹ میں ایک جج کے لیے کلرک کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی سیکنڈ سرکٹ اپیلز کورٹ میں بھی خدمات انجام دی تھیں، جو نیو یارک، کنیٹی کٹ اور ورمونٹ کی وفاقی عدالتوں کے مقدمات کا جائزہ لیتی ہے۔نصرت جہاں چوہدری 2021 میں پاکستانی نژاد امریکی زاہد قریشی کے بعد وفاقی بنچ کے لیے تصدیق شدہ دوسری مسلمان ہیں۔ سینیٹ نے 2021 میں نیو جرسی کی فیڈرل ٹرائل کورٹ کے لیے ان کی توثیق کی تھی۔ مسلم امریکن ایڈووکیسی گروپ نے نصرت جہاں چوہدری کی بطور وفاقی جج توثیق کو سراہا ہے۔