سی پیک پر تحقیقی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

0
277

اسلام آباد(این این آئی)سینٹر فار بی آر آئی اینڈ چائنا اسٹڈیز (سی بی آر آئی سی ایس)، انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز (آئی پی ڈی ایس) اوع کاشی یونیورسٹی کے سنٹر فار چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی سی پی ای سی) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ یہ دستخط18 جون کو چین کے شہر کاشغر میں منعقدہ تیسرے مزتاگتا فورم کے دوران، چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کیلئے وقف ایک بین الاقوامی سمپوزیم میں کئے گئے۔ گوادر پرو کے مطابق اس مفاہمت نامے کے ذریعے، سی بی آر آئی سی ایس اور سی سی پیک مشترکہ تحقیقی منصوبوں، کانفرنسوں، سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں جو چین، پاکستان اور اس سے باہر کے اسکالرز، ماہرین اور پالیسی سازوں کو اکٹھا کرتے ہیں۔ یہ تعاون فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں میں بھی سہولت فراہم کرے گا، جس سے دونوں اداروں کے درمیان خیالات، تجربات اور ثقافتی تفہیم کے تبادلے کو ممکن بنایا جائے گا۔ سی بی آر آئی سی ایس اور سی سی پیک کے درمیان تعاون کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اسٹڈیز کے میدان میں علمی تعاون، علم کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ شراکت داری سی پیک کے ارد گرد اقتصادی، سماجی، اور جغرافیائی سیاسی حرکیات اور علاقائی روابط، پائیدار ترقی اور امن کے لیے اس کے مضمرات کی تفہیم کو گہرا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق دونوں اداروں کی مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے، یہ تعاون سی پیک اور وسیع تر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے متعلق علمی گفتگو، پالیسی سازی، اور اسٹریٹجک سوچ میں حصہ ڈ الے گا۔