زر داری نوازشریف پر اللہ کا عذاب آتے دیکھا جوہمارے لئے عبرت ہے ،وزیر اعظم

0
283

گلگت (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے آصف زر داری اور نوازشریف پر اللہ کا عذاب آتے دیکھا ہے جوہمارے لئے عبرت ہے ،کرونا سے لوگ مررہے ہیں ، پوری پی ڈی ایم اپنی کرپشن بچانے کیلئے مہم چلا رہی ہے ،کسی کو کیا پتا تھا پانامہ سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے، چوری چھپتی نہیں ہے، ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں،اسحق ڈار جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہا ہے، ساری دنیا دیکھ رہی ہے،گلگت بلتستان کے خطے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہاں احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے ہم عبوری صوبائی حیثیت پر کام کریں گے،علاقے کو جانتا ہوں ،ہم اسے جس رخ پر ڈالیں گے، اس سے عوام کی زندگی بدل جائے گی۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر گلگت بلتستان پہنچے جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، گورنر گلگت بلتستان نے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔گلگت بلتستان میں کابینہ کی تقریب حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی کابینہ اور وزیراعلیٰ کو مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہاں وہ منتخب حکومت آئیگی جو ایک نئی روایت پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میں وہ وزیراعظم ہوں جس نے اس علاقے کو اس طرح دیکھا ہے جیسا کسی اور نے نہیں دیکھا، 15 سال کی عمر میں یہاں آیا تھا جب قراقرم ہائی وے بھی نہیں بنی تھی، جس کے بعد میں کرکٹ کھیلنے کے بعد یہاں آیا۔عمران خان نے کہا کہ میں اس علاقے کو جانتا ہوں اور اب ہم اسے جس رخ پر ڈالیں گے، اس سے یہاں کے عوام کی زندگی بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے عبوری صوبائی حیثیت پر کام کریں گے تاکہ جو اب تک احساس محرومی رہی ہے وہ ختم ہو جائے۔عمران خان نے کہا کہ میں جب یہاں آتا تھا تو نوجوان کہتے تھے کہ کیا ہم پاکستانی ہیں اور اسی احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے ہم عبوری صوبائی حیثیت پر کام کریں گے اور ایک کمیٹی بنائیں گے جو ایک ٹائم لائن پر کام کرے گی