قوم کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی شجاعت و بہادری پر فخر ہے،سپیکرو ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی

0
117

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبل راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پوری قوم کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی شجاعت و بہادری پر فخر ہے اور اپنے اس بہادر اور جری سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔ بدھ کو کرنل شیر خان شہید کی 24 ویں برسی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کو خراج عقیدت پیش کیا۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ انہوںنے کہاکہ کرنل شیر خان نے 17 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گلتری کے مقام پر داد شجاعت کی تاریخ رقم کی اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔دشمن بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری اور شجاعت کے معترف ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاک افواج کے جوانوں نے ہمیشہ ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا جان کی پروا کیے بغیر جرات و بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاک افواج کے شہدا کی قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے مشکل ترین محاذ پر سرفروشی کی لازوال داستان رقم کی۔پوری قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کی بے مثال قربانی پر سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بے مثال قربانی کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پاک افواج نے ملک کی سلامتی و بقا کے لیے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔