راچڈیل (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )متحدہ عرب امارات کے سنیئر رہنما و معروف بزنس مین عبدالمجید مغل نے وفد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سنیئر نائب صدر اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک کیساتھ انکے چیمبر راچڈیل میں ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحا ل سمیت مختلف امورزیر غور آئے ۔جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سنیئر نائب صدر اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز اینڈ اوورسیز پاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے متحدہ عرب امارات کے سنیئر رہنماء پاکستان مسلم لیگ (ن )اور معروف بزنس مین عبدالمجید مغل کی قیادت میں وفد کے ہمراہ اپنے چیمبر میں خوش آمدید کہا ۔ وفد میں شامل کاروباری شخصیات میں چوہدری خالد محمود ، چوہدری ہارون محمود ، چوہدری حسن معروف اور چوہدری صہیب معروف شامل تھے۔ متحدہ عرب امارات میں تجارتی ونگ کے قیام پر گفتگو کی اور متحدہ عرب امارات میں اوورسیز پاکستانیز تاجر برادری اور لوکل متحدہ عرب امارات کی تاجر برادری کیساتھ روابط بڑھانے کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کی معیشت کو مذید تقویت ملے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ زندگی میں 13 جولائی جیسے دن آتے رہتے ہیں جو یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ سچ اور جھوٹ کی لڑائی میں کون کہاں کھڑا ہے،یہ سلسلہ ازل سے ابد تک جاری رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان جہاں کھڑا ہے اس میں ہٹ دھرمی کیساتھ ووٹ کی نفی کرنے کا بڑا عمل دخل ہے،ان دنوں سے سبق سیکھیں،پاکستان کا مستقبل محفوظ کریں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کرنے میں اوورسیز پاکستانیز کا بہت بڑا کردار ہے جو ہمارے ملک سے باہر سفیر ہیں۔ مہمان گرامی عبدالمجید مغل نے اپنی طرف سے اور متحدہ عرب امارات پاکستان مسلم لیگ (ن )کی تمام لیڈر شپ کی طرف سے بیرسٹر امجد ملک کو مسلم لیگ (ن )کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز اینڈ اوورسیز پاکستانیز اور سنیئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے عبدالمجید مغل کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور انکے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا۔