دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں،شہباز شریف

0
161

اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں،چینی بینک نے پاکستان کو 600 ملین ڈالرز رول اوور کیے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 600 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا،محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا، کھیلوں کے شعبے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے ہیں،نوجوانوں کے لیے جتنا ممکن ہو سکے گا وسائل فراہم کریں گے، نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا۔ وہ منگل کو یہاں وزیراعظم یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کے اجرا ء کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اپنی محنت سے کھیل کے میدان میں نام کمایا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ قلیل وسائل کے باوجود اپنے ٹرینرز ، کوچ اور والدین کی دعائوں سے پاکستان کا دنیا میں نام روشن کیا۔شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان نے دیگر میدانوں میں اگر سست روی دکھائی ہے تو ان نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا پرچم پوری دنیامیں بلند کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج 5 ارب روپے کاوزیراعظم فنڈ کا اعلان وفاقی وزیر احسان الرحمن نے کیا انہوںنے کہاکہ ۔ وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے بہت محنت کی ہے،ا س 5 ارب روپے میں کھلاڑیوں کے ٹکٹس ، لاجسٹکس ، رہائش اور کٹس شامل ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ 5 ارب روپے پورے ملک کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کروڑوں نوجوانوں کو اگر صحیح ماحول اور سہولیات میسر آئیں تو دنیا کی بہترین ٹیموں سے یہ آگے نکل سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والی حکومتیں اس بجٹ کو بڑھائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 60 کروڑ ڈالر کا گزشتہ روز اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ چین کے بینک نے یہ رقم رول اوور کی،یہ معمولی بات نہیں، ہم احسان کرنے والوں کو یاد رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ ہے ہیں، ہمار ی دعا ہے کہ ان ذخائر میں قرضوں کی بجائے ہمارے خون پسینے اور محنت سے اضافہ ہو۔ سپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اپنے بچوں سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ بچے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ، انہی کی محنت کے طفیل پاکستان آگے بڑھے گا،وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اگر اللہ نے دو بارہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچوں اور بچیوں کی تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ سب اللہ اور اس کے بعد قوم کے ہاتھ میں ہے۔