پیٹرول ڈیلرز کا ہفتے سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان

0
129

کراچی(این این آئی)پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں 5 فیصد اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے (کل)ہفتہ 22 جولائی سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے سیکریٹری اطلاعات نعمان علی بٹ نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔پی پی ڈی اے کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے بیان میں کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں افراط زر کی شرح تقریباً 38 فیصد ہوگئی ہے، اسی طرح بجلی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز، مزدوری، کائبر ریٹ کی وجہ سے مالی لاگت اور دیگر ضروریات کی وجہ سے ڈیلرز کی کمیشن کے مارجن میں آمدنی بالکل ختم بلکہ منفی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم انڈسٹری کے ڈیلرز ملک بھر میں 12 ہزار سے زائد ہیں اور اس نیٹ ورک کے ساتھ ملک کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے مکمل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن پاکستان کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن ہے، جس کے 10 ہزار ارکان ہیں، حکومت پاکستان سے 1999 میں طے ہوا تھا کہ ہمیں 5 فیصد منافع یا مارجن ملا کرے گا جو 2004 تک 4 فیصد ہوگیا۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے ہمیں 6 روپے فی لیٹر دیا جو 2.40 فیصد بنتا ہے اور ہم اس پر مطمئن نہیں تھے تاہم حکومت نے کہا کہ ہم اس پر غور کریں گے جبکہ اس کے بعد بجلی، دیگر بلز، مزدوری، کائبرریٹ کی وجہ سے مالی لاگت اور دیگر اخراجات میں کی وجہ سے کم سیل والے پمپوں کا منافع بالکل ختم ہوگیا ہے۔عبدالسمیع خان نے کہا کہ ہم نے پیٹرولیم کے وزیر مصدق ملک سے رجوع کیا اور پھر پاکستان بھر کے تمام بڑے اخبارات میں اپیل بھی کی، جس پر انہوں نے کراچی آنے کا وعدہ کیا تو ہم نے سخت قدم نہیں اٹھایا لیکن وہ نہیں آئے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں دوسری بڑی پریشانی اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول اور ڈیزل ہے، جس کی کھلے عام اور بے انتہا ترسیل کی وجہ سے ہماری سیل 30 فیصد تک گر گئی ہے۔چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ اب ہم مجبوراً ہفتہ 22 جولائی 2023 صبح 6 بجے سے پورے پاکستان میں پیٹرول پمپ بند کردیں گے۔ایسوسی ایشن نے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ فی لیٹر ڈیزل پر ڈیلر مارجن 81.16 فیصد یعنی 5.67 روپے اضافے کیا جائے، جس کے بعد ڈیزل پرفی لیٹر مارجن7روپے سے بڑھ کر12.67 روپے ہوجائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ ایک سال قبل حکومت ڈیلر مارجن میں69.49 فیصد فی لیٹر2.87 روپے تک اضافہ کیا تھا۔