پاکستان میں چائنیز تلوں کا آزمائشی فارم کٹائی کے لیے تیار

0
360

اسلام آباد (این این آئی)چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) نے لاہور کے قریب ایک تلوں کی جانچ کا فارم قائم کیا ہے جہا ںاگلے ہفتے تلوں کی پہلی فصل کی کٹائی متوقع ہے، آزمائشی پیداوار 850 سے 1000 کلوگرام فی ایکڑ ہوگی۔گوادر پرو کے مطابق کمپنی نے جانچ کے مقاصد اور کارکردگی کے لیے 20 ایکڑ پر تل کی کاشت شروع کر دی ہے، اس سال کے شروع میں ہونے والا آزمائشی فارم دونوں ممالک کے درمیان اختراعی کاشتکاری اور زرعی تعاون کو فروغ دے گا۔ گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے سی ایم ای سی پاکستان کے وائس جنرل منیجر ڈائی باو نے کہا کہ ہم بیج اور فیلڈ مینجمنٹ کی جانچ کر رہے ہیں، پاکستان میں تل کی پیداوار اور تجارتی حجم کو بہتر بنانے کیلئے مستقبل میں تل کی تجارت اور کنٹریکٹ فارمنگ شروع کرنے کی امید ہے۔ انہوںنے کہاکہ تل کئی قسم کی مٹی کے لیے موافق ہے تاہم یہ اچھی طرح سے نکاسی والی مٹی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے اور عام طور پر اوپری میدانی علاقوں میں پیدا ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فی ایکڑ پیداواری لاگت سویابین کی پیداوار کی لاگت سے معمولی اور تقریباً موازنہ ہے۔ گوادر پرو کے مطابق کھاد کی لاگت بنیادی طور پر نائٹروجن کیلئے ہوتی ہے، جسے نامیاتی ذرائع سے پورا کیا جا سکتا ہے، فصل کی لاگت دوسرے اناج کی طرح ہے،تل کے بیجوں کی عالمی مانگ گزشتہ برسوں سے بڑھ رہی ہے،فصل صحت بخش خوراک کے طور پر زور پکڑ رہی ہے، جو بہت سے پکوانوں میں استعمال ہوتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ڈائی نے کہا کہ اگر جانچ اچھی رہی تو مستقبل میں ہم پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائیں گے اور چین کو مزید تل برآمد کریں گے۔