کل جماعتی حریت کانفرنس کاکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے پرپاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ

0
380

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے5 اگست کو یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے بھرپوراظہار یکجہتی کرنے پرپاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیراحمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی حکومت اور عوام کے ٹھوس موقف سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔پاکستانی عوام نے ہر مرحلے اور ہر آزمائش پر کندھے سے کندھا ملا کر کشمیریوں کا ساتھ دیاہے اوریوم استحصال منا کر دنیا اور خاص کر بھارت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ آزادی کی اس تحریک میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہمالیہ کی طرح کھڑی ہے۔مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا کہ 5اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک نہایت ہی دردناک اور کربناک دن ہے جب مودی حکومت نے ریاست جموں و کشمیر پر شب خون مارا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی کرتے ہوئے اس کی خصوصی حیثیت ختم کی اوراس کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے ریاست جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے جہاں تقریبا ایک کروڑ لوگوں سے ان کے بنیادی سیاسی، مذہبی اور سماجی حقوق چھین کر پوری انسانیت کی تذلیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس دوران ایسے مظالم کا سلسلہ شروع کیا ہے جسکی نظیر ملنا مشکل ہے ۔سینکڑوں لوگوں کو قتل اور ہزاروں کو گرفتار کرکے بھارت کی دور دراز جیلوں میں نظربند کیاگیا ہے، سینکڑوں گھروں کو مسمارکردیاگیا اورمتعدد لوگوں کو سرکاری ملازمت سے برطرف کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اظہار رائے پر ایسی پابندیاں عائد کی گئی ہیں کہ ہر طرف سناٹا لگ رہا ہے،پوری ریاست میں خوف و دہشت کا ماحول قام کیاگیاہے اورعلاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے ریاست کا مسلم تشخص ختم کیاجارہا ہے۔ لوگوں سے ان کے گھر اور زمینیں چھینی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا اس تمام تر ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مولوی بشیر نے اقوام عالم ، یورپی یونین ،اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلادیں۔