واشنگٹن ڈی سی(این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی قوم روئے زمین پر سب سے زیادہ انسان دوست اور فلاحی سرگرمیوں کیلئے عطیات دینے والی قوم ہے، پاکستانیـامریکی بھی اسی خصوصیت کے مالک ہیں،ان کی اوسط آمدنی ، خصوصاً متوسط طبقے کی، خاطر خواہ ہے،وہ نہ صرف اپنے ہم وطنوں بلکہ دیگر برادریوں کے لئے بھی دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے یہ بات عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی اور اسکواش کی دنیا پر برسوں راج کرنے والے لیجنڈ چیمپئن جہانگیر خان سے پاک سفارت خانہ واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہیں۔ اجلاس میں کمیونٹی رہنمائوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دونوں مشہور سپر ہیروز اس وقت شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ شاہد آفریدی کی فلاحی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ میں نے انہیں کوویڈکے دوران آزاد کشمیر میں کھانا تقسیم کرتے دیکھا،ان کی بے لوث خدمات نے انتہائی مشکل وقت میں سینکڑوں لوگوں کو بھوک سے بچایا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ شاہد آفریدی نے کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کے ضمن میں متحرک کردار ادا کیا۔ اس اقدام کے حوالے سے اندرونی اور بیرونی سطح پر بے حد مشکلات تھیں لیکن شاہد آفریدی کی ذاتی کاوش اور اثر و رسوخ کی وجہ سے یہ ایونٹ کامیاب ہوا۔ تعلیم، پانی ، صحت اور غربت کے خاتمے میں فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے سفیر نے کہا کہ فاؤنڈیشن معاشرے کے انتہائی غریب اور پسماندہ طبقات کی مدد کر رہی ہے۔ جہانگیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ قوم ان سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے نام جہانگیر خان کے نام پر رکھے جاتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ شاہد آفریدی اور جہانگیر خان کھیلوں کے ہیروز اپنی بے لوث خدمات کی بدولت انسانیت کے ہیرو بن چکے ہیں۔ ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے 2011 میں اپنے علاقے میں ایک ہسپتال کے قیام سے اپنی فلاحی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نے اب تک پانچ موبائل ہیلتھ ہسپتال قائم کیے ہیں تاکہ دور دراز کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مجھے وہ دیا ہے جس کا میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس لیے میں اپنے لوگوں کے لیے جو کچھ کر سکتا ہوں وہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا۔ ملک کی دلکش خوبصورتی کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں کوویڈ کے دوران چار ماہ میں 17500 کلومیٹر کا سفر کرنے کا موقع ملا اور تقریباً تین سے چار لاکھ لوگوں سے ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ انہوںکہا کہ کچھ این جی اوز بہت اچھا کام کر رہی ہیں تاہم رسائی اور دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی خدمات کا دائرہ محدود ہے۔ اس سے بلوچستان اور کے پی کے کے دور دراز علاقوں کے مستحق لوگ انتہائی ضروری انسانی خدمات تک رسائی سے محروم ہیں۔ اس تناظر میں، انہوں نے خاص طور پر پاک فوج کے کردار کی تعریف کی جس نے انہیں دشوار گزار علاقوں کے لوگوں تک پہنچنے میں ہمیشہ سہولت فراہم کی ہے۔جہانگیر خان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے لوث خدمت انسانیت کی ترقی کا اگلا مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی اور مادر وطن کی خدمت کرنا ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں اپنے رجسٹرڈ چیپٹرز کے ساتھ کام کر رہی ہے اور یہ فاؤنڈیشن پاکستان میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، کھیلوں کی بحالی اور ہنگامی امدادی سرگرمیوں کے اہم شعبوں میں پاکستان کی پسماندہ کمیونٹیز کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کو اپنی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے قابل بنانے والے پاکستانی تارکین وطن کے فراخدلانہ تعاون کو سراہا۔ ڈاکٹر عتیق صمدانی، جو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن یو ایس اے کے چئیرمین ہیں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فاؤنڈیشن کی خدمات مکمل طور پر شفاف طریقے سے مستحق لوگوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے عطیہ کی گئی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جاتا ہے اور اسے مطلوبہ مقصد کے لیے خرچ کیا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹس سے اس وقت 20,000 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے چودہ سکول ملک بھر میں زیر تعلیم کمیونٹیز کی خدمت کر رہے ہیں۔ تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خاندانوں کو ان کے بچوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کی ترغیب کے طور پر راشن اور دیگر ضروریات فراہم کی جا رہی تھیں
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...