سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے علاقے میں عملاً فوجی راج نافذ کر رکھا ہے اور وہ کشمیریوں کو آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگرسے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹ رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نام نہاد ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے دوران کشمیریوں کو ڈرا دھمکا کوانہیں ووٹ ڈالنے پر مجبور کر رہی ہے جبکہ غیر کشمیری باشندوں کو کشمیری لباس پہنا کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے بھارتی میڈیا کے سامنے لایا جاتا ہے جبکہ مقبوضہ علاقے کے مقامی میڈیا کو حقائق دکھانے پر خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اوروہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے اسرائیلی طرز کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نظربندوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر ان کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے بھارت پردبائو ڈالے۔
ہوم آزاد کشمیروگلگت بلتستان بھارت نے کشمیر میں عملاًفوجی راج نافذ کر رکھا ہے،چیئرمین ڈیموکریٹک موومنٹ