سعودی حکومت نے ایک لاکھ شہریوں کو ڈیجیٹل ملازمتوں کی تربیت دینے کا منصوبہ کا آغاز کر دیا

0
269

ریاض (این این آئی) سعودی حکومت نے ایک لاکھ شہریوں کو ڈیجیٹل ملازمتوں کی تربیت دینے کا منصوبہ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو کورسز کرائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کورسرا کے تعاون سے فیول(ایندھن)کے نام سے ایک نیا تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد پہلے سال میں ایک لاکھ سعودی شہریوں کو ڈیجیٹل ملازمتوں کے لیے درکار ہنر، مہارتوں اور اسناد سے آراستہ کرنا ہے اس حوالے سے ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ سعودی عرب کی وزارتِ مواصلات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم سی آئی ٹی)، سعودی ڈیجیٹل اکیڈمی (ایس ڈی اے)اور کورسرا نے نیشنل ای لرننگ سنٹر (این ای ایل سی)کے تعاون سے یہ نیا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔تبدیلی کے اس پروگرام کے کورسز سعودی ڈیجیٹل اکیڈمی کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں سعودی ڈیجیٹل لیبر مارکیٹ میں زیادہ مانگ کی حامل مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ایم سی آئی ٹی کے اقدامات میں سے ایک ہے۔زیادہ مانگ کی حامل ملازمتوں کے آٹھ شعبوں میں 40 سے زیادہ تیار کردہ لرننگ ٹریکس اور 200 تربیتی کورسز کے ساتھ یہ پروگرام سعودی شہریوں کو لچکدار، مفت سیکھنے اور تربیت کے راستے مہیا کرے گا تاکہ وہ آئی سی ٹی میں روزگار کے ابھرتے ہوئے مواقع تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارتیں سیکھ سکیں۔سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے قومی ای لرننگ مرکز کو ایک آزاد ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔ اس کا مقصد آن لائن تعلیم میں اعتماد کو بڑھانا، متعلقہ تاحیات آن لائن تعلیم تک مساوی رسائی کو آسان بنانا اور سب کے لیے قابل اعتماد آن لائن تعلیم مہیا کرنے کے لیے پائیدار جدت طرازی کی قیادت کرنا ہے۔